اردواسلامتعلیم و تربیت

تعلیم و تربیت قرآن و حدیث کی روشنی میں

ایک فرض کے بارے میں : باجماعت عشاء اور فجر کی نماز پڑھنا

رسول اللّٰہ ﷺ نے فرمایا : جو شخص عشاء کی نماز جماعت کے ساتھ پڑھے گو یا اس نے آدھی رات عبادت کی اور جو فجر کی نماز جماعت سے پڑھ لے گویا اس نے ساری رات عبادت کی”۔
(مسلم :1491،عن عثمان بن عفان رضی اللہ عنہ)

ایک سُنت کے بارے میں : دودھ پینے کے بعد کلی کرنا

رسول اللّٰہ ﷺ نے دودھ پیا اورکلی فرمائی اور فرمایا کہ اس میں چکنائی ہوتی ہے ۔
(بخاری :211،عن ابن عباس رضی اللہ عنہ)

ایک اہم عمل کی فضیلت : روزہ دار کو افطار کرانا

رسول اللّٰہ ﷺ نے فرمایا : جو شخص کسی روزہ دار کو روزہ افطار کرائے اس کے لیے گناہوں کے معاف ہونے اور آگ سے خلاصی کا سبب ہو گا ، اور روزہ دار کے ثواب کے مانند اس کو اس کا ثواب ملے گا،مگر روزہ دار کے ثواب میں سے کچھ کم نہیں کیا جائے گا، صحابہ رضی اللہ عنہم نے عرض کیا ہم میں سے ہر شخص اتنی وسعت نہیں رکھتا کہ افطار کرائے ، تو آپ ﷺ نے فرمایا ، یہ ثواب تو اللہ تعالیٰ ایک کھجور سے کوئی افطار کرا دے یا ایک گھونٹ پانی پلا دے یا ایک گھونٹ دودھ پلادے اس کوبھی مرحمت فرما دیتے ہیں “۔
(صحیح ابن خزیمہ :1780،عن سلمان فارسی رضی اللہ عنہ )

ایک گناہ کےبارے میں : زکوٰۃ ادا نہ کرنا

رسول اللّٰہ ﷺ نے فرمایا :” جس شخص کے پاس مال ہو اور وہ اس کی زکوٰۃ ادا نہ کرتا ہو ، تو وہ مال کل قیامت کے دن ایک ایساسانپ بنا دیا جائے گا جو گنجا ہو گا اور اس کی آنکھوں پر دو کالے نقطہ ہو ں گے ، پھر وہ سانپ اس کو اس وقت تک نگلتا رہے گا جب تک بندوں کے درمیان فیصلہ نہ ہو جائے”۔
(مسند احمد :7698،عن ابی ہریرہ رضی اللہ عنہ)

دُنیا کے بارے میں : آخر ت کے عمل سے دُنیا حاصل کرنا

رسول اللّٰہ ﷺ نے فرمایا :”جو شخص آخرت کے کسی عمل سے دُنیا چاہتا ہو، اس کے چہرے پر پھٹکار ہوتی ہے ، اس کا ذکر مٹا دیا جاتا ہے اور اس کا نام دوزخ میں لکھ دیا جاتا ہے “۔
(معجم کبیر :2085، عن الجارود رضی اللہ عنہ)

آخرت کے بارے میں : مسلمانوں سے جنت کا وعدہ

قرآن میں اللّٰہ تعالیٰ فرماتا ہے :” اللّٰہ تعالیٰ نے مسلمان مردوں اور مسلمان عورتوں سے ایسے باغوں کا وعدہ کر رکھا ہے ، جن کے نیچے نہریں بہہ رہی ہوں گی ، یہ لوگ ہمیشہ ان باغوں میں رہیں گے اور ایسے عمدہ مکانوں کا وعدہ فرمایا ، جو ہمیشہ رہنے والے باغوں میں ہوں گے اور اللّٰہ تعالیٰ کی رضا مندی سب سے بڑی چیز ہے۔ یہ بہت ہی بڑی کامیابی ہے “۔
(سورہ توبہ : 72)
*********
طب نبوی سے علاج : کلونجی میں ہر بیماری سے شفا
رسول اللّٰہ ﷺ نے فرمایا :”تم اس کلونجی کو استعمال کرو ، کیونکہ اس میں موت کے علاوہ ہر بیماری کی شفا موجود ہے “۔
(بخاری :5687،عن عائشہ رضی اللہ عنہما)
فائدہ : علامہ ابن قیم رحمتہ اللہ علیہ فرماتے ہیں : اس کے استعمال سے پیٹ کی گیس ختم ہو جاتی ہے ، بلغمی بخار کے لیے نفع بخش ہے، اگر اس کو پیس کر شہد کے ساتھ معجون بنا لیا جائے اور گرم پانی کے ساتھ استعمال کیا جائے ، تو گردے اور مثانہ کی پتھری کو گلا کر نکال دیتی ہے۔

قرآن کی نصیحت

قرآن میں اللّٰہ تعالیٰ فرماتا ہے :” اے لوگو! زمین کی حلال اور پاکیزہ چیزیں کھاؤ ، اور شیطان کے نقش قدم پر مت چلو، وہ تمہارا کُھلا دشمن ہے ، وہ تم کو بُرائی اور بے حیائی کی باتوں کا حکم دیتا ہے ، اور اس بات کا حکم دیتا ہے کہ تم اللّٰہ کے متعلق ایسی بات کہو، کس کا تمہیں علم نہیں “۔
(سورہ بقرہ : 168تا169)

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button